بھارتی انتخابات نے دو قومی نظریے کو دوبارہ زندہ کر دیا: حافظ سعید

Hafiz Saeed

Hafiz Saeed

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید احمد نے کہا کہ نریندر مودی کے کامیاب ہونے سے پاکستان دوستی کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے۔ بھارت پاکستان کا کبھی دوست نہیں ہو سکتا، اس سے تجارت کرنے میں خسارہ ہی خسارہ ہے۔ بھارتی انتخابات نے دو قومی نظرے کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔

اب بھارت میں ایک اور پاکستان بنتا نظر آ رہا ہے۔ حافظ سعید احمد کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دے کر قائد اعظم نے قول کی پاسداری کی ہے۔ اب نواز شریف کو صنعت کار سیاستدان کی بجائے مسلمان سیاستدان بننا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی طرح جونا گڑھ اور حیدر آباد دکن کو بھی مقبوضہ علاقہ سمجھتے ہیں، کشمیر کو ڈیموں سمیت آزاد کرائیں گے۔ حافظ سعید احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ اور نیٹو افغانستان میں شکست سے دو چار ہو چکے ہیں۔

اپنی شکست کا بدلہ لینے کے لئے امریکہ نے اپنی جنگ کو پاکستان میں منتقل کر دیا ہے۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، وقت قریب ہے جب پاکستان معاشی طور پر عالم اسلام کا مضبوط ترین ملک ہوگا۔