ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت میں متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسان گذشتہ کئی ماہ سے احتجاج کر رہے ہیں تاہم مودی حکومت سے یہ مسئلہ حل نہیں ہورہا اور اب یہ معامہ بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے۔
اپنے حقوق کے لیے سراپا احتجاج بھارتی کسانوں کے حق میں جہاں بالی وڈ سے چند افراد سامنے آئے ہیں وہیں عالمی سطح پر معروف متعدد اہم شخصیات نے اس معاملے پر آواز اٹھائی ہے۔
حال ہی میں سویڈن سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی تبدیلی کی نوجوان کارکن گریٹا تھنبرگ نے بھی اس موضوع پر ٹوئٹ کی ہے۔
بھارتی حکومت نے نئی دہلی کے اطراف میں دھرنوں پر بیٹھے کسانوں کی آواز دبانے کے لیے متعلقہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی فراہمی معطل کردی ہے جس کے خلاف مودی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
گریٹا تھنبرگ نے اس حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ہم بھارت میں احتجاج کرنے والے کسانوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑے ہیں’۔
بالی وڈ اداکارہ رچا چڈھا نے گریٹا تھنبرگ کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی بات سے اتفاق کیا ہے اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
واضح رہےکہ بھارت میں زرعی اصلاحات کے معاملے پر کسانوں کا احتجاج 5 ماہ سے جاری ہے اور ہزاروں کسانوں نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں دھرنے دے رکھے ہیں جب کہ 26 جنوری کے روز کسانوں اور پولیس کے درمیان شدید تصادم بھی ہوا تھا، کسانوں کا دعویٰ ہے کہ 26 جنوری سے اب تک 100 سے زیادہ مظاہرین لاپتہ ہیں۔
کسانوں کے احتجاج نے اب بین الاقوامی توجہ حاصل کرلی ہے اور ان کے حق میں امریکی گلوکارہ ریحانہ اور اداکارہ میا خلیفہ سمیت دیگر نامور شخصیات بھی آواز اٹھارہی ہیں جس کے باعث مودی حکومت کی بدنامی میں اضافہ ہورہا ہے۔