لاہور (جیوڈیسک) فلم نامعلوم افراد کے ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی مرزا نے کہا ہے کہ صرف سوچنے اور باتیں کرنے سے حالات تبدیل نہیں ہوتے جب کہ فلم کی باکس آفس پر کامیابی نے حوصلے بڑھا دیئے ہیں۔
نامعلوم افراد کے ہدایت کارنبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی مرزا نے کہا کہ فلم بینوں نے عید پر بھارتی فلم کے مقابلے میں جس طرح سے پاکستانی فلموں کو سراہا اس سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ لوگ اپنے فنکاروں کو پردہ اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ہدایتکار نبیل قریشی نے کہا کہ انہوں نے ڈائریکشن کی باقاعدہ تربیت حاصل نہیں کی کیونکہ پاکستان میں کوئی اکیڈمی نہیں ہے،انہوں نے دیکھ کر سیکھا اور سیکھنے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
اداکارہ عروہ حسین کا کہنا تھا کہ پہلی فلم سے ہی اتنا اچھا رسپانس ملنے پر بے حد خوشی ہے اور مستقبل میں بھی معیاری فلموں میں کام کرتی رہوں گی، آئٹم سانگ کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر آفر ہوئی تو انکار نہیں کروں گی جب کہ اس موقع پر سنیئر اداکار سلمان شاہد، محسن عباس حیدر بھی موجود تھے۔