کراچی (جیوڈیسک) اداکار فواد خان نے کہاہے کہ پاکستانی فلم کے لیے ساتھی فنکارملکرمحنت کررہے ہیں اورآج ہم کسی حد تک کامیاب ہوچکے ہیں لیکن مزید کچھ عرصہ لگے گا اور کھڑکی توڑ سینما کا دور لوٹ آئیگا۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے نمائندہ ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ سونم کپورکے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا بھارتی فلم ڈائریکٹر کہانی میں اترکرفلم کوبنانے کی کوشش کرتے ہیں شاید اس ہی لیے ان کے کام میں تجسس اور ہرسین کو دیکھنے کے بعداگلا سین دیکھنے کادل کرتا ہے اور میں نے بھارتی فلم ڈائریکٹرز سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں فواد خان کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستانی ڈرامے نے دنیا بھر میں عزت دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے فنکاروں کا مشترکہ کام کرناخوش آئندعمل ہے دونوں ممالک کے عوام کوقریب لانے کایہ بہترین طریقہ ہے۔