سیالکوٹ (جیوڈیسک) بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی جاری ہے، آج فائرنگ اور گولہ باری سے خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے، چار روز میں جاں بحق پاکستانی شہریوں کی تعداد تیرہ ہو گئی۔ سیالکوٹ کا سرحدی علاقہ تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔
سیالکوٹ کے سرحدی علاقے چارواہ اور ہرپال سیکٹر پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے اعظم نامی شخص اور خاتون سلیمہ بی بی جاں بحق ہو گئی، فائرنگ سے متعدد مویشی بھی ہلاک ہو گئے جبکہ کئی گھروں کو نقصان پہنچا، نارروال کے علاقے ظفروال میں لہری سیکٹر پر بھی بھارتی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کی، جس سے ایک شہری محمد شاہد جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے سیالکوٹ اور نارروال سمیت سرحدی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ڈی سی او سیالکوٹ کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کیلئے راجہ ہرپال اور بھلور کے علاقوں میں تین کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں۔