تلہ گنگ : کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے تلہ گنگ کے رہائشی محمد الیاس ساکن ڈھرنال کی نماز جنازہ آبائی علاقے ڈھوک پہاڑ خیل میں ادا کر دی گئی ۔نماز جنازہ میں بریگیڈیر عمران کاشفی،اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ واصف رحمان ،ڈی ایس پی صدر چکوال، ایس ایچ او لاوہ ،ایس ایچ او ٹمن سمیت پاک فوج کے افسران اور شہید کے عزیز و اقارب سمیت مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
اس موقع پرپاک فوج کے جوانوں نے سلامی دی۔تلہ گنگ کے مقامی آن لائن اخبار وائس آف تلہ گنگ کی رپورٹ کے مطابق شہید کے والد عبدالمناف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میرے بیٹے کی شہادت ہمارے لیے فخر کی بات ہے اور ڈھرنال کی دھرتی شہیدوں اور غازیوں سے بھری پڑی ہے۔میرے بیٹے نے وطن کی دفاع کی خاطر جان کا نذرانہ دے کر پاک افواج اور خاندان کا نام روشن کیا ہے ۔شہید کے والد نے اعلان کیا ہے میرا پوتا محمد بلال بڑا ہو کر پاک فوج میں جا کر اپنے وطن کے دفاع کے لئے دشمنوں کا مقابلہ کرے گا اور شہید بیٹے کا انتقام لے گا ۔شہید کے چاچا عبدالرزاق نے کہا کہ ہمارے بیٹے الیاس نے کنٹرول لائن پر وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہادت نوش فرمائی،ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔ڈھرنال مین تقریبا تیس قبرستان ہیں اور ہر قبرستان میں شہداء سپرد خاک ہیں۔شہید محمد الیاس کے نماز جنازہ میں ڈی سی او ،ڈی پی او سمیت کسی بھی رکن اسمبلی ،مقامی سیاسی شخصیات نے شرکت نہیں کی۔