انڈین فورسز کی فائرنگ، سرحد عبور کرنے والا ذہنی معزور ہلاک

Iftikhar Khurshid

Iftikhar Khurshid

لاہور (جیوڈیسک) انڈین بارڈر سیکورٹی فورسز کی جانب سے بدھ کو پاکستان رینجرز کے حوالے کی جانے والی لاش ایک ذہنی معزور افتخار خورشید کی نکلی۔

پاکستان رینجرز (پنجاب) کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شکر گڑہ کے گاؤں ننگل سے تعلق رکھنے والے تینتیس سالہ خورشید غلطی سے سرحد پار چلے گئے، جہاں بی ایس ایف نے ان کو چار گولیاں مار دیں۔ بی ایس ایف کی جانب سے پوسٹ مارٹم کے بعد بدھ کو رینجرز حکام نے شکر گڑہ سیکٹر میں افتخار کی لاش وصول کی۔

ترجمان نے واقعہ کو انسانی حقوق اور دونوں ملکوں کے درمیان غلطی سے سرحد عبور کرنے والوں کو نقصان نہ پہنچانے کے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ افتخار تین بچوں کے والداور لاہور کی ایک کاغذ فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے۔ افتخار کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ پچھلے دو سالوں سے پنجاب کے ادارہ برائے ذہنی صحت میں زیر علاج تھے۔ افتخار اکیس جولائی سے لاپتہ تھے اور آخری مرتبہ کرول گاؤں کے لوگوں نے انہیں سرحد کی جانب جاتے دیکھا تھا۔