نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی حکومت نے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیری بزرگ رہنما سید علی گیلانی کو اس وقت تک پاسپورٹ جاری کرنے سے انکار کردیا جب تک کہ وہ اپنی شہریت واضح نہیں کرتے کہ وہ بھارتی شہری ہے۔
بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ اگر سید علی گیلانی کوپاسپورٹ کے لیے درخواست دینی ہے تو انہیں فارم میں موجود کالم میں واضح کرنا ہوگا کہ وہ بھارتی شہری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر علیحدگی پسند کو پاسپورٹ کے لیے خود کو بھارتی شہری کا اعتراف کرنا ہوگا۔ حریت رہنما سید علی گیلانی اپنی بیمار بیٹی سے ملنے کے لیے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں تاہم بھارتی حکومت انہیں پاسپورٹ جاری نہیں کر رہی۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کی اتحادی حکومتی جماعت پی ڈی پی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سید علی گیلانی کو انسانی بنیادوں پرویزا جاری کیا جائے تاکہ وہ اپنی بیمار بیٹی کی عیادت کر سکیں۔
پی ڈی پی کی رہنما محبوبہ مفتی کہنا تھا کہ ہم نے یونین وزارت داخلہ سے ملاقات میں واضح کیا تھا کہ سید علی گیلانی، انکی اہلیہ اور بیٹے کو پاسپورٹ جاری کیا جائے تاکہ وہ اپنی بیمار بیٹی سے مل سکیں۔ بی جے پی نے مطالبہ کیا جب تک سید علی گیلانی معافی نہیں مانگتے انہیں ویزا ایشو نہ کیا جائے۔