بھارتی ہیکرز نے پیپلز پارٹی کی ویب سائٹ ہیک کر لی، بلاول کو دھمکیاں

Indian Hackers

Indian Hackers

کراچی (جیوڈیسک) بھارت کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے لائن آف کنڑول اور ورکنگ باؤنڈری پر تو جارحیت کی جارہی ہے لیکن اب بھارتی ہیکرز بھی پاکستان کے خلاف میدان میں آگئے۔

بھارتی ہیکرز گروپ بلیک ڈریگن نے پاکستان پیپلز پارٹی کی ویب سائٹ ہیک کر کے پی پی قیادت اور خصوصاً پارٹی چیرمین بلاول بھٹو زرداری کو دھمکیاں دیں ہیں۔

بھارتی ہیکرز نے پیپلز پارٹی کی ویب سائٹ پر بھارتی پرچم لگا کر اپنے دھمکی آمیز پیغام میں کہا ہے کہ ہم ’’پاکستان کی حکومت، پیپلز پارٹی اور خصوصا بلاول بھٹو زرداری کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیر کبھی بھی ان کا نہیں ہو سکتا، یہی سچ ہے اور آپ لوگوں کو اسے ماننا پڑے گا۔

بھارتی ہیکرز نے بلاول بھٹو زرداری کو بچہ کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے پاکستان کو تو سنبھال لو اور اگر آئندہ کشمیر کی بات کی تو پھر پورا پاکستان ہی بھارت کے نقشے میں ہوگا۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی کا کہنا ہے کہ بھارتی ہیکرز کی جانب سے ویب سائٹ کو ہیک کرنا انتہائی بزدلانہ حرکت ہے لیکن پیپلز پارٹی اپنے موقف پر قائم ہے اور رہے گی، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک چھوٹے سے بیان پر بھارت والے بوکھلا گئے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم بھارت سے پورا کشمیر لے کر رہیں گے جب کہ انہوں نے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی جارحیت پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ گجرات نہیں بلکہ پاکستان ہے اور ہم اس جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے۔