اسلام آباد (جیوڈیسک) حساس اداروں نے بلوچستان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایک حاضر سروس افسر کل بھوشن یادیو کو گرفتار کرکے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد منتقل کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا گرفتار افسر کل بھوشن یادیو بلوچستان کی علیحدگی پسند تنظیموں سے رابطے میں تھا۔
ابتدائی تفتیش میں بھارتی جاسوس نے اعتراف کیا ہے کہ وہ انڈین نیوی میں کمانڈر رینک کا افسر ہے۔ بھارتی جاسوس نے پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات، بلوچستان اور کراچی کی پاکستان سے علیحدگی کی سازش کا بھی اعتراف کیا ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے بارے میں ثبوت تو پہلے بھی تھے لیکن حاضر سروس افسر کے پکڑے جانے سے بڑا ثبوت اور کیا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد دیتا ہوں۔ سیکیورٹی فورسز سمیت ہم سب مل کر اپنے دشمنوں کا خاتمہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ اگر بلوچستان میں ”را“ کا نیٹ ورک موجود ہے تو اس کا خاتمہ کیا جائے گا۔