نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت کی حکمراں جماعت کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی طبی معائنے کے لیے امریکا روانہ ہوگئیں۔ سونیا گاندھی کو گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران طبیعت بگڑنے کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ سونیا گاندھی کے ہمراہ ان کی بیٹی پریانکا گاندھی بھی امریکا گئی ہیں۔
فروری میں بھی سونیا گاندھی کا امریکا میں معائنہ ہو چکا ہے جبکہ پچھلے سال ستمبر میں بھی وہ علاج کے لیے امریکا گئی تھیں۔ 2011 میں ایک میگزین نے رپورٹ شائع کی تھی کہ سونیا گاندھی نے مبینہ طور پر کینسر کا آپریشن کروایا ہے تاہم ان کی بیماری کے بارے میں باضابطہ طور پر کچھ نہیں بتایا جاتا۔