کوالالمپور (جیوڈیسک) آسٹریلیاکے قریب جنوبی بحر ہند میں گر کر تباہ ہونے والے ملائشین طیارے کے ملبے کی تلاش کیلئے چین نے مزید تین بحری جہاز روانہ کردیے۔ بیجنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چینی دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تینوں جنگی جہاز سمندرمیں اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں پر آسٹریلوی سیٹلائٹ نے بدقسمت ملائشین طیارے کے ملبے کی نشاندہی کی تھی۔
اس کے علاوہ چینی ملٹری اور دیگر سویلین جہاز بھی ملبے کی تلاش کے مشن میں حصہ لینے کیلئے نکل چکے ہیں۔ چینی دفتر خارجہ نے ایک بار پھر ملائشین حکام پر زور دیا ہے کہ وہ چینی مسافروں کے لواحقین کو طیارے کے بارے میں مکمل اور ٹھیک معلومات مہیا کریں۔ دوسری جانب امریکی وزیردفاع چک ہیگل اور برطانوی وزیردفاع فلپ ہیمنڈ نے ملائشین طیارے کی تباہی میں دہشتگردی کے امکان کو بھی رد نہیں کیا ہے۔ ان کا کہنا تھااس وقت تلاش کا عمل جاری ہے اور جب تک کوئی ٹھوس وجہ سامنے نہیں آجاتی اس وقت تک طیارے کی تباہی کے معاملے میں دہشتگردی سمیت کسی بھی دوسرے پہلو کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔