سری نگر (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ سے کنارہ کشی کرنے والی کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو چھپایا جا رہا ہے۔
زائرہ وسیم نے انسٹام گرام پر ایک پھول کی تصویر شیئر کی جس کے نیچے انہوں نے لکھا ہے کہ اُمید اور مایوسی کے درمیان کشمیر ابھی تک مشکلات کا شکار ہے، اس بڑھتی ہوئی مایوسی اور غم کے باعث آج ہمارے پاس سکون نام کی چیز نہیں، کشمیر میں ہم ان لوگوں کے زیرِ اثر ہیں جو ہماری خواہشات کو سلب کرتے اور ہم پر آسانی سے پابندیاں لگاتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ہمیں ایسی دنیا میں رہنے کی کیا ضرورت ہے جہاں ہماری زندگی اور خواہشوں کو قابو کیا جاتا ہے؟ ہمیں جھکا کر ہم پر حکمرانی کی جاتی ہے، کیا ہماری آوازوں کو بے آواز کرنا اتنا ہی آسان ہے؟
زائرہ وسیم نے شکایت کی کہ ہمیں کیوں اپنی زندگی گزارنے نہیں دی جارہی اور ہمیں اپنی خواہشات کے برخلاف فیصلوں کو تسلیم کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔