بھارتی فوج کی فائرنگ، پاکستان کا احتجاج، ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

Foreign Office

Foreign Office

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے پاکستان کے مزید دو علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ کی ،اسلام آباد میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھارت نے بٹل، چری کوٹ اور ستوال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی۔ چند روز کے دوران بھارت کی جانب سے جارحیت کا یہ پانچ واں واقعہ ہے۔ پاکستان نے ان واقعات پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے تشویش کا اظہار کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو فائرنگ کے مسلسل واقعات پر گہری تشویش سے آگاہ کیا گیااور انہیں راولا کوٹ میں معصوم جان کے ضیاع کے بارے میں بتایا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے بھارت 2003 کے جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ پاکستان نے زور دیا ہے کہ ایسا لائحہ عمل اختیار کیا جائے کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سے تعمیری بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے۔