کمالیہ (ڈاکٹر غلام مرتضی) پاکستانی سینما مالکان نے چند پیسوں کی خاطر ملکی عزت کو دائو پر لگا دیا ہے۔ پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش کا فیصلہ واپس لے کر حب الوطنی کا ثبوت دیں بھارتی فلموں کی پاکستان میںنما ئش کے فیصلے پر شو بز سے وابستہ افراد بھی دِلبرداشتہ ہیں۔
ایک طرف ہمارے فوجی جوان لائن آف کنٹرول پر ملکی وقار کو بڑھانے کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔ اور دوسری طرف سینما مالکان بھارتی فلموں کی نمائش کا فیصلہ کر کے ملکی عزت کو دائو پر لگانے پر تلے ہوئے ہیں۔ اس کے برعکس بھارتی سینما میں اور چینل میں پاکستانی فلموں اور ڈراموں پر پابندی ہے یہاں تک کہ بھارت میں پاکستان کے بارے میں بات کرنا بھی جرم سمجھا جاتا ہے۔
ابھی کچھ دن پہلے پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کی تصویر والی شرٹ پہننے پر بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔ نریندر مودی مختلف مقامات پر پاکستان کو توڑنے کا اعتراف کر چکے ہیں اور بھارتی ہدایت کار پاکستانی مخالف فلموں میں من گھڑت کہانیاں بنا کر پیش کر رہے ہیں۔ جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور تمام بھارتی فلمیں دنیا میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہی ہیں متعلقہ وزارت اور پیمرا کو سینما مالکان کے مجرمانہ فیصلے کا نوٹس لینا چاہئے۔
بھارتی فلموں اور کمرشلز پر پابندی لگانی چاہئے ۔سینما مالکان کو مجرمانہ فیصلہ واپس لے کر حب الوطنی کا ثبوت دینا چاہئے تا کہ ہمارے شہیدوں کی روحیں پُر سکون رہیں۔ اور پاکستانی عوام کے جذبات بھی مجروح نہ ہوں۔