بھارتی مسلمان نہ کبھی ڈرا ہے اور نہ کبھی ڈرے گا، رکن بھارتی مسلم پرسنل لا بورڈ

India Muslim Personal Law Board

India Muslim Personal Law Board

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارت میں مسلمانوں کے لئے رائج قوانین کے اطلاق کے نگران ادارے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن سید قاسم رسول الیاس کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کے ملک کا وزیراعظم بننے پر مسلمانوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ’مسلمان نہ کبھی ڈرا ہے اور نہ آئندہ کبھی ڈرے گا۔

سید قاسم رسول الیاس کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو آنے والی مودی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں کوئی شک نہیں ہے۔ بھارتی کا معاشرہ انتہائی مضبوط اور مستحکم بنیادوں پر کھڑا ہے۔ ملک کے مسند اقتدار پر کوئی بھی بیٹھے ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

مسلمان نہ کبھی ڈرا ہے اور نہ آئندہ کبھی ڈرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بھائی چارے کی فضا کے فروغ اور عوام کو ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی کرنا کسی بھی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، ’نئی حکومت اپنی اس ذمہ داری کو کس طرح ادا کرتی ہے اس کا تو اندازہ کچھ وقت گزرنے کے بعد ہی ہو گا۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہندو انتہا پسند تنظیم بی جے پی واضح ترین اکثریت سے کامیاب ہوئی اور اس کی جانب سے وزارت عظمٰی کے امیدوار نریندر مودی پر ریاست گجرات میں 2002 کے مسلم کش فسادات کروانے کا الزام ہے۔