بھارتی مسلمانوں پر مظالم کے ذمہ دار پاکستانی حکمران بھی ہیں : امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی سرحدی جارحیت پرکاروباری مفادات کیلئے خاموشی اختیار کرنے والے حکمرانوں کی بزدلی نہ صرف پاکستانی عوام کیلئے سوہان روح بنی ہوئی ہے بلکہ پاکستانی حکمرانوں کی مفاد پرستی نے بھارتی مسلمانوں پر زندگی اجیرن بنادی ہے۔

محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ کے گا¶ں میں ہندو بلوائیوں کے سرکاری سرپرستی میں مسلم آبادی پر حملے اور 25گھروں کو نذرآتش کرنے کے واقعہ میں 4 مسلمانوں کے زندہ جل کر ہلاک ہوجانے کے واقعہ پر افسوس و مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام کے ذمہ دار بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ ان مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے بہیمانہ سلوک کے ذمہ دار کہیں نہ کہیں وہ پاکستانی حکمران بھی ہیں جو بھارتی سرحدی جارحیت ‘ پاکستانی آبادی پر بھارتی فائرنگ و گولہ باری کے نتیجے میں فوجی اہلکار و افسران اور معصوم شہریوں کی ہلاکت پر سوائے زبانی جمع خرچ کے کچھ اور کرنے سے قاصر اور بھارت کو اس جارحیت پر سخت جواب دینے میں ناکام دکھائی دیئے ہیں۔

پاکستانی حکمرانوں کی اسی خاموشی کی وجہ سے بھارت میں بسنے والوں پر نہ صرف زمین تنگ کی جارہی ہے بلکہ ان پر زندگی بھی اجیرن کردی گئی ہے اور اگر اب بھی حکمرانوں نے سیاسی ‘ تجارتی اور کاروباری مفادات کو پس پشت ڈال کر پاکستانی مفادات اور امت مسلمہ کے تحفظ کی پالیسی کے تحت بھارت سے سخت لہجے میں جواب طلبی کی روش نہیں اپنائی تو پاکستان اور عوام کے ساتھ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کا مستقبل بھی مخدوش ہو جائے گا۔