نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی بحریہ کے لڑاکا بحری جہاز کو خراب موسم کے تھپیڑوں نے خرابی سے دوچار کر دیا۔ ’’آئی این ایس کھتر‘‘ کو پورٹ بلیئر کی بندرگاہ جو جزائر انڈیمان اور نیکوبار کے پاس ہے پر لنگرانداز ہوتے ہوئے خراب موسم کے باعث حادثہ پیش آیا تاہم اسکی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
بھارتی بحریہ کے چیف نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ اس سلسلے میں بورڈ آف انکوائری بنا دیا گیا ہے۔ جہاز کھتر کو مرمت کیلئے بحریہ کے ڈاکیار بھجوا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ لڑاکا بحری جہاز ’’آئی این ایس کھتر‘‘ بھارتی بحریہ کی مشرقی کمان کا حصہ ہے۔ 1350 ٹن وزنی اس جہاز کو 1990ء میں بحری بیڑے میں شامل کیا گیا۔
بھارتی عسکری ذرائع کے مطابق بھارتی بحریہ کے جہازوں کو پیش آنیوالا یہ 15 واں حادثہ ہے۔ اس سے قبل پچھلے برس 14 اگست کو بحریہ کا جہاز سندھو رکشک سمندر میں ڈوب جانے سے 15 افسر اور اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔