کراچی (جیوڈیسک) چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کا کہنا ہے کہ بحیرہ ہند میں زلزلے کے بعد شہر قائد میں سونامی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مکران کی ساحلی پٹی پر شدید زلزلوں کے جھٹکوں کی صورت میں کراچی کے سمندر میں 7 میٹر تک لہریں اٹھنے کا امکان ہے۔
جب کہ چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کے مطابق سمندر میں اٹھنے والی خوفناک لہروں کی وجہ سے شہر کو بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونامی کی پیشگی اطلاع کے لئے پڑوسی ملک بھارت، انڈونیشیا اور آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات آفس سے مسلسل رابطے میں ہیں تاہم سونامی کا کراچی کے ساحل سے ٹکرانے کے حوالے سے کوئی وقت نہیں دیا جاسکتا۔
چیف میٹرولوجسٹ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سونامی کی صورت میں کراچی میں بڑی تباہی ہوسکتی ہے تاہم مصدقہ اطلاعات کے بعد ہی حتمی سونامی الرٹ جاری کی جائے گی جب کہ ہمارا مقصد شہریوں کو کسی بھی خطرے سے قبل اس سے بچاؤ کی ترغیب دینا اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ واضح رہے کہ 1945 میں سونامی نے کراچی میں تباہی مچادی تھی جس میں کم از کم 4 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔