بحیرہ ہند میں زلزلے کے باعث کراچی میں سونامی کا خدشہ ہے، چیف میٹرولوجسٹ

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کا کہنا ہے کہ بحیرہ ہند میں زلزلے کے بعد شہر قائد میں سونامی سونامی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

مکران کی ساحلی پٹی پر شدید زلزلوں کے جھٹکے کے نتیجے میں کراچی کے سمندر میں 7 میٹر تک لہریں اٹھنے کا امکان ہے جب کہ چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کے مطابق سمندر میں اٹھنے والی خوفناک لہروں کی وجہ سے شہر کو بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سونامی کی پیشگی اطلاع کے لئے پڑوسی ملک بھارت، انڈونیشیا اور آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات آفس سے مسلسل رابطے میں ہیں تاہم سونامی کا کراچی کے ساحل سے ٹکرانے کے حوالے سے کوئی وقت نہیں دیا جا سکتا۔

چیف میٹرولوجسٹ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سونامی کی صورت میں کراچی میں بڑی تباہی ہو سکتی ہے تاہم مصدقہ اطلاعات کے بعد ہی حتمی سونامی الرٹ جاری کی جائے گی جب کہ ہمارا مقصد شہریوں کو کسی بھی خطرے سے قبل اس سے بچاؤ کی ترغیب دینا اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ واضح رہے کہ 1945 میں سونامی نے کراچی میں تباہی مچادی تھی جس میں کم از کم 4 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔