بھارتی پولیس نے 10 کشمیری طلبہ کو گرفتار کر لیا

Arrest

Arrest

راجستھان (جیوڈیسک) بھارتی ریاست راجستھان کی ایک یونیورسٹی میں پرتشدد مظاہروں کے بعد بھارتی پولیس نے کم از کم 10 کشمیری طلبہ کو بلاوجہ گرفتار کر لیا ہے۔

نئے سال کی آمد کے جشن کے موقع پر یونیورسٹی کے طلبہ اور انتظامیہ کے درمیان اس وقت تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی جب انتظامیہ نے طلبہ کو یونیورسٹی ہوسٹل جانے کی اجازت نہیں دی جس پر طلبہ نے شدید اعتراض کیا اور اس دوران طلبہ اور یونیورسٹی کے سیکورٹی کے عملے کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد انتظامیہ نے پولیس کو بلا لیا۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ صورتحال اس وقت کشیدہ ہوئی جب سیکورٹی اہلکاروں نے طلبہ کو زدو کوب کیا جس سے ایک طالب علم کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ طالب علم کے زخمی ہونے کے بعد تمام طلبہ نے زبردست احتجاج کیا۔

یونیورسٹی میں زیر تعلیم متعدد کشمیری طالب علموں کو ہراساں کیا گیا جس کے بعد انہوں نے ہوسٹل چھوڑ دیا ہے۔