ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ کے عبوری سربراہ جگموہن ڈالمیا نے انڈین پریمیئر لیگ کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے بارہ نکاتی ایجنڈا پیش کردیا ہے جس میں ممکنہ فکسنگ کو روکنے کیلئے میچز کے دوران موبائل سروس معطل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ بھارتی ذرائع کے مطابق، جگموہن ڈالمیا کے بارہ نکاتی ایجنڈا انڈین پریمیئر لیگ کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے تجاویز پر مشتمل ہے۔
جس میں سب سے غور طلب میچز کے دوران موبائل فون کی سروس معطل کرنے کی تجویز ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے ممبران کی کسی بھی فرنچائز سے منسلک ہونے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ میچز کے دوران پلیئرز اور ٹیم آفیشلز ائرفون نہیں لگاسکیں گے، نہ ہی آفٹر پارٹیز ہوگی اور نہ چیئر لیڈرز کا ڈانس۔
ٹیم مالکان میچز کے دوران نہ گراونڈ پر آسکیں گے نہ ڈگ آوٹ تک رسائی حاصل ہو گی۔ کھلاڑیوں کو اپنی تمام مالی ڈیلنگز کی تفصیلات بورڈ کو بتانا ہوں گی جبکہ فرنچائز زبھی ٹیم ادائیگی بی سی سی آئی کے ذریعے کریں گے۔