دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی شعلہ بیانی اکثر انہیں مشکل میں ڈال دیتی ہے،ایسا ہی کچھ ہوا دورۂ بنگلا دیش کے دوران بھی۔
نریندر مودی نے حالیہ دورۂ بنگلا دیش میں ایک تقریر کے دوران بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی تعریف کرتےہوئے کہا تھا کہ حسینہ واجد عورت ہونے کے باوجود بنگلا دیش میں دہشت گردی کے خلاف بہادری سے لڑ رہی ہیں۔
مودی کا یہ بیان سوشل میڈیا کا ایک گرما گرم موضوع بن گیا ہے جس پر بھارتی شہریوں نے اپنےوزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کو بنگلا دیش کی عورت کی بہادری نظر آگئی مگر انہیں عزم کی مثالیں قائم کرنے والی بھارتی عورتیں نظر نہیں آتیں۔
اس موقع پر لوگوں نے اندرا گاندھی سمیت مشہور بھارتی خواتین کی ہمت و جرأت کی مثال دی۔ ایک شہری نے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن میں کام کرنے والی سائنس دانوں اور انجینئر خواتین کا بھی ذکر کیا۔