نئی دلی (جیوڈیسک) مسٹر پرفیکٹ عامر خان فلم نگری میں نام کمانے کے بعد ان دنوں سیاسی میدان میں بھی سرگرم دکھائی دے رہے ہیں جس کی تازہ مثال ان کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات اور ان کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ہے۔
بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر وزیر اعظم آفس میں ان سے ملاقات کی اور مختلف امور پر بات چیت کی، وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عامر خان سے وزیر اعظم نریندر مودی سے انتہائی گرمجوشی سے مصافحہ کیا جس کے بعد عامر خان اور وزیر اعظم کے درمیان انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔
عامر خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملاقات میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ انتخابات کے دوران عوام کی بڑی تعداد نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حمایت صرف اور صرف نظام کی تبدیلی کے لئے کی جبکہ دوسری جانب وزیر اعظم نے عامر خان کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے پروگرام ” ستیا جی میاتی ” میں جن معاشرتی برائیوں کو اجاگر کیا جاتا ہے حکومت پوری کوشش کرے گی کہ ایسی برائیوں کے خاتمے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔