اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یوم پاکستان پر وزیراعظم پاکستان کو میسج کر کے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں یوم پاکستان کے حوالے سے میسج کیا ہے۔
عمران خان نے بتایا کہ نریندر مودی نے مجھے میسج کر کے یوم پاکستان پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے لکھا کہ مودی نے پیغام دیا کہ یہ وقت ہے برصغیر کے عوام جمہوری، پُرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال خطے کے لیے مل کر کام کریں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ مودی نے پیغام میں کہا کہ ایک ایسا ماحول بنایا جائے جو دہشت گردی اور تشدد سے پاک ہو۔
وزیراعظم عمران خان کا اپنی دوسری ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم کے پاکستانی عوام کے لیے پیغام کا خیرمقدم کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہےکہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل حل کرنے کیلئے جامع مذاکرات ہوں، بھارت سے امن اور عوام کی خوشحالی پر مبنی تعلقات کیلئے مذاکرات ہوں۔