نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ سال واشنگٹن میں ہونے والی ایٹمی سیکیورٹی سربراہ کانفرنس میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اوران کے بھارتی ہم منصب نریندرمودی کے درمیان ملاقات متوقع ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں وزرائے اعظم کو امریکی صدر باراک اوباما نے آئندہ سال ہونے والی دو روزہ جوہری سلامتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ واشنگٹن میں ہونے والی اس کانفرنس کے دوران پاکستانی وزیراعظم نوازشریف اوربھارتی ہم منصب نریندرمودی کی ملاقات بھی متوقع ہے۔ دوروزہ ایٹمی سیکیورٹی سربراہ کانفرنس آئندہ سال 31 مارچ سے یکم اپریل تک امریکی شہر واشنگٹن ہوگی۔
واضح رہے کہ پیرس میں ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے دوران بھی دونوں رہنماؤں نے ملاقات کی تھی جسے عالمی برادری کی جانب سے خطے میں امن کی جانب اہم پیش رفت قراردیا تھا اورحال ہی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کا اچانک دورہ کرکے سب کو چونکا دیا تھا۔