بھارتی حکمران خطے میں آگ بھڑکانے کے درپے ہیں، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارتی حکمران خطے میں آگ بھڑکانے کے درپے ہیں۔

شہباز شریف نے ایل اوسی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی ایل اوسی پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں شہریت بل پر اٹھنے والے طوفان سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، بھارت کے اندرسے عوام نے انتہا پسند حکومت کو مسترد کر دیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ دنیا کی توجہ اصل مسئلے سے ہٹانے کی کوشش ہے، بھارتی حکمران خطے میں آگ بھڑکانے کے درپے ہیں، دنیا جنگی جنون کے بھارتی رویہ کا نوٹس لے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان کی قربانیوں پر قوم کو فخر ہے، پاک فوج کے دو شہدا نے اپنی جان قوم اور وطن پر واردی، یہ ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ شہداءکے درجات کو بلند فرمائے اور پسماندگان کا صبر جمیل دے۔