بھارتی ریاست اتر پردیش میں مسلم سکھ فسادات 2 افراد ہلاک

Muslim Sikh Rots

Muslim Sikh Rots

اتر پردیش (جیوڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش کے سہارنپور ضلعے میں دو اقلیتی برادریوں مسلمانوں اور سکھوں کے درمیان ایک زمین کے لیے ہفتے کو پرتشدد واقعات رونما ہوئے جس نے فرقہ وارنہ رخ اختیار کر لیا۔

پر تشدد تصادم میں پولیس اہلکار سمیت تقریباً 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اس میں دو افراد کی ہلاکت کی اطلاعات بھی ہیں۔ زخمیوں کو سہارنپور کے ضلعی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

یہ واقعہ سہارنپور کے قطب شیخ تھانے کے علاقے میں ہوا۔اتر پردیش کے اے ڈی جی (لا اینڈ آرڈر) مکل گوئل نے بتایا کہ صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے قطب شیخ سمیت کوتوالی اور منڈی تھانہ علاقوں میں کرفیو لگا دیا گیا ہے۔

دونوں فرقوں کی جانب سے مشتعل ہجوم نے پر تشدد رخ اپنایا اور علاقے میں بڑے پیمانے پر آگ زنی کے واقعات نظر آئے۔ بھیڑ پر قابو پانے کے لیے مقامی پولیس کو ربڑ کی گولیاں چلانی پڑیں۔ تنازع اس وقت شروع ہوا جب دو مذہبی مقامات کے درمیان کی زمین پر طرفین میں سے ایک نے کچھ تعمیراتی کام شروع کیا۔