نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قاتلوں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کے خلاف کانگریس کی حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست مسترد کر دی ہے۔
بھارتی عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بینچ نے حکومتی نظرثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنے مختصر فیصلے کہا کہ تینوں قاتلوں کی سزائے موت کو عمر قید میں بدلنے کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ راجیو گاندھی کو 21 مئی 1991 کو انتخابی ریلی کے دوران خودکش حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا، راجیو گاندھی کو قتل کرنے کے الزام میں تین مجرموں کو سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم بھارتی سپریم کورٹ نے تینوں مجرموں کی سزائے موت کو عمرقید میں تبدیل کردیا تھا۔