کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت کی جانب سے دہلی میں پی آئی اے آفس کی بندش اور منیجر سعید احمد کو بھارت چھوڑنے کے حکم کو بھارتی جارحیت و دہشتگردی قرار دیتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین و قائد امیر پٹی نے کہا ہے کہ بھارت کی اس جارحانہ و مذموم حرکت پر حکومت اور دفتر خارجہ کی خاموشی فکر انگیز ہے۔
سرحدی جارحیت اور سرحد پر فائرنگ و گولہ باری کے نتیجے میں پاک فوج کے افسران و جوانوں اور معصوم شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت کے اعتدال پسندانہ رویئے نے بھارت کے حوصلے اس حد تک بڑھادیئے ہیں کہ اب وہ پاکستان کیخلاف تجارتی ‘ اقتصادی ‘ معاشی اور اخلاقی جارحیت پر بھی اتر آیا ہے اور اگر اب بھی حکمرانوں نے بھارت کو دندان شکن جواب نہیں دیا تو پھر اس کی جارحیت پاکستان کے مستقبل کیلئے مزید خطرات پیدا کرے گی۔
امیر پٹی نے مزید کہا کہ محب وطن روشن پاکستان پارٹی کی جانب سے پٹرولیم بحران کے حقائق منظر عام پر لائے جانے کے بعد وزیراعظم کی جانب سے پٹرولیم بحران کا نوٹس اور تحقیقات کا حکم عوامی رائے عامہ کو اپنے حق میں ہموار کرنے کے سوا کچھ نہیں حکمران پالیسیوں کی درستگی کی بجائے عوام کو بے وقوف بنانے کے نت نئے ہتھکنڈے اپنارہے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف نت نئے بحران پیدا ہورہے ہیں۔
بلکہ بحرانوں کی شدت میں بھی اضافہ ہورہا ہے ایک جانب گیس بحران نے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں تو دوسری جانب سردی کے اختتام سے قبل ہی طویل لوڈشیڈنگ گرمیوں میں بجلی بحران کے عذاب کی نوید سنارہی ہے۔