لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تمام قومیتوں خصوصا مہاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر وہ مجھے دل سے قائد مانتے ہیں تو آج سے ذہنی وجسمانی طور پر انتہائی کڑے وقت کیلئے خود کو تیار رکھیں۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ انتظامیہ اور سندھ حکومت کی جانب سے جومن گھڑت، جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے تحت ایم کیو ایم کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت سندھ، مہاجروں کو صفحہ ہستی سے مٹانے یعنی ان کے جسمانی خاتمے کا آغاز کر چکی ہے۔
الطاف حسین نے کہاکہ جناح پور سے مہاجر ری پبلکن آرمی تک اور مہاجرری پبلکن آرمی سے ایک مرتبہ پھر مہاجروں کو انڈیا کا ہمنوا ثابت کرنے کیلئے یم کیو ایم کے کارکنان کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ ایم کیوایم کے دفتر سے انڈین اسلحہ کی برآمدگی کاجو الزام عائد کیا گیا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج دنیا 21 ویں صدی میں قدم رکھ چکی ہے اور موجود دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے لہذا اس قسم کے من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگانے کے پس پردہ مقاصد کی حقیقت سے ہر ذی شعور تو کجا بچہ بچہ بخوبی واقف ہوتا ہے۔