انڈین ویلز ٹینس؛ پینٹا کا ٹائٹل پر قبضہ، اگنیسکا ناکام

Painta

Painta

انڈین ویلز (جیوڈیسک) ٹینس ٹورنامنٹ میں ویمنز سنگلز ٹائٹل پر اطالوی پلیئر فلاویا پنیٹا نے قبضہ جمالیا، ورلڈ نمبر 3 اگنیسکا ریڈوانسکا فائنل میں ناکامی سے دوچار ہوگئیں، بلند حوصلہ اطالوی کھلاڑی کی یہ کیریئر کی پہلی بڑی کامیابی ہے۔ گھٹنے میں تکلیف سے دوچار پولش اسٹار ریڈوانسکا میامی ماسٹرز میں شرکت سے قبل متاثرہ گھٹنے کا ٹریٹمنٹ کرائیں گی، مینز سنگلز ٹرافی سربیا کے نووک جوکووک نے جیت لی، کیریئر کا 17 واں ٹائٹل بنا، سوئس ماسٹر راجر فیڈررکے پانچویں مرتبہ چیمپئن بننے کا خواب ادھورا رہ گیا ۔تفصیلات کے مطابق انڈین ویلزٹینس ٹورنامنٹ میں اطالوی پلیئر فلاویا پنیٹا نے اپنے کیریئر کی پہلی بڑی کامیابی حاصل کرلی، انھوں نے فائنل میں ورلڈ نمبر3 اگنیسکا ریڈوانسکا کواسٹریٹ سیٹ میں باآسانی 6-2 اور6-1 سے ہرادیا، یہ 32 سالہ پنیٹا کے کیریئر کا پہلا بڑا ٹائٹل ہے جس کیلیے انھیں ایک گھنٹے13 منٹ مقابلہ کرنا پڑا، سیکنڈ سیڈ ریڈوانسکا کو دوران میچ بائیں گھٹنے میں تکلیف کا بھی سامنا رہا، 12 ملین ڈالر انعامی مالیت کے ایونٹ کو جیتنے کے سفر میں فلاویا نے ٹاپ سیڈ لینا اور سابق یوایس چیمپئن سمانتھا اسٹوسر کو بھی ٹھکانے لگایا، پنیٹا کے کیریئر کی یہ 10 ویں ڈبلیو ٹی اے ٹرافی بنی، تاہم انھوں نے2010 میں ماربیلا کے بعد پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، 2012 کا سیزن پنیٹا کیلیے مسائل سے بھرا رہا، جس میں انھیں کمر اور کلائی کی انجریز کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ان کی عالمی درجہ بندی میں پوزیشن 166 ہوگئی تھی، وہ گذشتہ برس یوایس اوپن سیمی فائنل میں رسائی سے قبل کھیل کو خیرباد کہنے کا بھی سوچ رہی تھیں، تاہم 2009 میں دنیا کے ٹاپ 10 پلیئرز میں شامل ہونیو الی پہلی اٹالین پلیئر پنیٹا نے حیران کن واپسی کرتے ہوئے اب ٹائٹل جیت لیا، وہ انڈین ویلز میں گذشتہ برس پہلے رانڈ میں ہموطن فرانسسکا شیوانے کے ہاتھوں ہارگئی تھیں۔اس کو یاد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے بہت مشکل وقت تھا

. جب سب کچھ میرے خلاف جارہا تھا لیکن اب ایک برس بعد میں یہاں پر ٹرافی تھامے کھڑی ہوں، دوسری جانب شکست خوردہ اگنیسکا کا کہنا تھا کہ میں اپنے متاثرہ گھٹنے کا علاج کراں گی، جس کے بعد میں بدھ سے شروع ہونے والی میامی ہارڈ کورٹ ٹورنامنٹ کیلیے خود کو تیار کرپاں گی، جہاں پر انھوں نے 2012 میں ٹرافی جیتی تھی، وہاں پر ابھی میرے ابتدائی میچ میں چند دن باقی ہیں لہذا مجھے امید ہے کہ میںکچھ آرام کرپاں گی، وہ بھی بڑا ایونٹ ہے اور یقینی طور پر میں اس میں شرکت کرنے کی کوشش کروں گی۔مینز سنگلز فائنل میں عالمی نمبر2 نووک جوکووک نے چار مرتبہ کے فاتح راجرفیڈرر کو 3-6،6-3 اور7-6(7/3) سے ہرادیا، فیڈرر نے میچ کا آغاز شاندار انداز میں پہلا سیٹ 6-3 سے جیت کر کیا، تاہم دوسرے سیٹ میں سربین حریف نے کھیل میں جاندار واپسی کرتے ہوئے سابقہ عالمی نمبر ایک کے خلاف بہترین کھیل پیش کیا اور دوسرا سیٹ اسی مارجن سے اپنے نام کرکے حساب برابر کرلیا، اس سیٹ میں ابتدائی سات سروس پر دونوں نے بالترتیب کامیابی حاصل کی لیکن آٹھویں سروس پر جوکووچ نے بریک کرتے ہوئے بالآخر سیٹ اپنے نام کر لیا۔

میچ میں تیسرا اور آخری سیٹ دلچسپی سے بھرپور رہا جہاں جوکووچ نے ابتدا میں ہی 2-1 کی برتری حاصل کر کے فیڈرر پر دباو بڑھا دیا اور پھر انھوں نے کھیل کے فیصلہ کن سیٹ میں ایک موقع پر 5-4 کی سبقت حاصل کرتے ہوئے سروس حاصل کر لی اور میچ میں ان کی فتح چند قدم کے فاصلے پر دکھائی دینے لگی، لیکن اس موقع پر 17 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے فیڈرر نے اپنے تمام تر تجربے کا استعمال کرتے ہوئے سروس پر بریک پوائنٹ حاصل کر لیا اور معاملہ ٹائی بریکر پر آگیا، ٹائی بریکر میں فیڈرر اپنے اس کھیل کو برقرار نہ رکھ سکے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سربین اسٹار نے 7/3 سے کامیابی حاصل کرلی، یہ ان کے کیریئر کا تیسرا انڈین ویلز ٹائٹل رہا۔اس سے قبل جوکووک نے 2008 اور 2001 میں فاتح بننے کا اعزاز پایا تھا، سربین پلیئر کے کیریئر کا یہ 17 واں ایلیٹ ماسٹر ٹائٹل ہے۔