انڈین ویلز (جیوڈیسک) کینیڈا کے واسیک اور امریکہ کے ریان ہیریسن نے انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ ادھر نمائشی میچ میں سابق عالمی چیمپئن روجر فیڈرر کو اپ سیٹ شکست ہو گئی ۔ کیلیفورنیا کے شہر انڈین ویلز میں اے ٹی پی ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں سنگلز مقابلے ہوئے۔
کینیڈا کے واسیک پوسپیسل نے قازقستان کے میخائل کوکوشکن کے خلاف اس وقت فتح سمیٹی جب میخائل کوکوشکن دوسرے سیٹ میں انجری کا شکار ہو کر میچ سے باہر ہوئے ۔ امریکہ کے میرڈی فش کو انہی کے ہم وطن ریان ہیریسن سے کانٹے کے مقابلے میں شکست کا سامنا ہوا۔
دوسری جانب نیویارک میں ورلڈ ٹینس ڈے مناتے ہوئے نمائشی میچ میں نوجوان کھلاڑی گریگور دیمیتروو نے سوئس سٹار روجر فیڈرر کو دلچسپ مقابلے کے بعد اپ سیٹ کیا ۔ 23 سالہ بلغارین کھلاڑی نے سترہ بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن روجر فیڈرر کو چھ دو ، ایک چھ اور سات پانچ سے شکست دی۔