لاہور (جیوڈیسک) بھارتی فوج نے دو ہزار پندرہ میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی نئی تاریخ لکھی ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ سال ایک سو چھپن بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا ۔ جنت نظیر وادی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ظلم و ستم جاری ہے ۔ ریسرچ سیکشن آف کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دسمبر میں خاتون اور بچے سمیت تیرہ کشمیریوں کو موت کے گھاٹ اتاراگیا ، ایک گھر کو تباہ جبکہ ایک سو چھبیس افراد زخمی ہوئے ۔
دو ہزار پندرہ میں بھارتی فوج نے تیرہ لڑکوں چار خواتین سمیت ایک سو چھپن بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا ، بارہ افراد کو جیل میں تشدد کا نشانہ بنا کر موت کی وادی میں دھکیل دیا گیا ۔ بھارتی فوج کے گھروں پر دھاوے ، کریک ڈاؤن اور فائرنگ سے اٹھارہ سو چوالیس شہریوں کو زخمی کیا ۔ اٹھائیس گھروں کو تباہ جبکہ چار ہزار چار سو چھہتر افراد کو جیل میں ڈالا گیا ، بھارتی فوجیوں نے اڑتیس خواتین کو ہراساں کیا ۔
ایک رپورٹ کے مطابق انیس سو نواسی سے اکتیس دسمبر دو ہزار پندرہ تک بھارتی فوج نے چورانوے ہزار دو سو چھیانوے بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سات ہزار اڑتیس افراد کو جعلی مقابلوں یا جیل میں قتل کیا گیا ۔