بھارتی فائرنگ پر صبر کا مظاہرہ کیا، افغانستان میں کسی گروپ کی حمایت نہیں کر رہے، دفتر خارجہ

Tasneem Aslam

Tasneem Aslam

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے پاکستان ایل او سی پر صبرو تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے ، پاکستان افغانستان میں کسی مخصوص گروپ کی حمایت نہیں کر رہا ، طالبان کے خلاف بلا امتیاز بھرپور آپریشن کیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان ایل او سی پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے ، ایل او سی کی دوسری جانب رہنے والے کشمیری ہمارے بھائی ہیں۔ جوابی کارروائی کرتے ہوئے خیال رکھتے ہیں کہ کشمیریوں کا جانی نقصان نہ ہو۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا طالبان کے خلاف بلاامتیاز بھرپور آپریشن کیا جا رہا ہے، افغان طالبان کو اسلحہ فراہم کرنے کا افغانستان کا الزام بے بنیاد ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا پاکستان افغانستان میں کسی مخصوص گروپ کی حمایت نہیں کر رہا۔

تسنیم اسلم نے سارک سربراہ کانفرنس کے حوالے سے بتایا کانفرنس 26 اور 27 نومبرکو کھٹمنڈو میں ہوگی جس میں وزیر اعظم نواز شریف کی شرکت کا امکان ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ملالہ یوسفزئی پاکستانی شہری ہے ، تعلیم کے لیے اس کی خدمت پر فخر ہے۔ تسنیم اسلم کا کہنا تھا پاکستان پاکستانیوں کا ہے ، کسی شدت پسند گروہ کا نہیں۔