بھارتی طیاروں کی مظفر آباد سیکٹر میں دراندازی کی کوشش پر شاہینوں کے فضا میں بلند ہوتے ہی بزدل بھارتی طیارے بدحواسی کے عالم میں بالاکوٹ کے قریب ہتھیار پھینک کر بھاگ گئے۔ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر جنگی جنون میں مبتلا بھارت کے پاس دنیا کو بتانے کے لیے کچھ بھی نہیں۔رات کے اندھیرے میں بھارت نے کیا کیا؟بھارتی حکومت کے پاس دنیا کو بتانے کے لیے کچھ بھی نہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد بھارتی سیکرٹری خارجہ نے صحافیوں کے کسی بھی سوال کا جواب نہ دیا۔بھارتی سیکرٹری خارجہ سے جب صحافیوں نے سوال کیے تو انہوں نے کہا کہ آپ کو ہندی زبان میں تحریری بیان مل جائے گا اور اس طرح انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دینے سے انکار کر دیا اور اٹھ کر چلے گئے۔وزیرا عظم عمران خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سوچیں گے نہیں فوری جواب دیں گے جبکہ آرمی چیف بھی مکار دشمن کو دندان شکن جواب دینے کے احکامات دے چکے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی، پاکستانی طیاروں نے بروقت اور فوری کارروائی کی، بھارتی طیارے بالا کوٹ کے قریب سے واپس بھاگ گئے، بھارتی طیارے جلدی میں کچھ پے لوڈ بھی گرا گئے۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی طیارے مظفرآباد سیکٹر سے 3 سے 4 میل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ گرا دیا، بھارتی طیاروں کے پے لوڈ سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا، طورخم کے بارڈر سے لے کر مکران کے ساحلوں تک قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مسلح افواج بھی اپنے اس عزم کا اظہار کر چکی ہے کہ مکار دشمن کو نہ بھولنے والے سبق سکھائیں گے۔ پاک فضائیہ کے چیف ائر مارشل مجاہد انور خان بھی دو روز قبل اپنے جانباز ہوا بازوں کے ساتھ اس عزم کو دہرا چکے ہیں۔ بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے بعد حالیہ پاک بھارت کی کشیدہ صورتحال میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پالیسی بیان سامنے آیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت نے لائن آف کنڑول کی خلاف ورزی کی ہے پاکستان مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو تیار رہنا ہوگا ،چپے چپے کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہم ایک ذ مہ دار قوم ہیں اور ذمہ داری سے آگے بڑھیں گے۔ بھارت انتخابات کی خاطر خطے کا امن تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے، مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات ہوئی، ان کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ایک ذمہ دار قوم ہیں اور ہم ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ ہندوستان کی قیادت اپنے سیاسی مقاصد کیلئے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے لیکن پاکستان نے سمجھ داری سے آگے بڑھنا ہے۔بھارتی جارحیت سے نمٹنے کیلئے پوری قوم متحد ہوگئی ہے۔ شہریوں نے حملے کی صورت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔
شہریوں کا کہنا ہے بھارتی جارحیت سے نمٹنے کیلئے پوری قوم متحد ہے، حملے کی صورت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، مودی سرکار الیکشن جیتنے کیلئے ڈرامے کر رہی ہے، حملہ ہوا تو تاریخ کی کتابوں میں ایک اور باب کا اضافہ ہو جائے گا کہ بھارت بھی ایک ملک ہوا کرتا تھا۔بھارت کی بزدلانہ حرکت پر سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے بھارت کے خوب لتے لیے، لوگوں نے جعلی کاروائی کا خوب مذاق اڑایا۔بھارتی دراندازی، سوشل میڈیا پر بھی دشمن کو منہ توڑ جواب، ٹوئٹر پر بالاکوٹ، پاکستان آرمی اور پاکستان ائیر فورس ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ ایک صارف نے لکھا پاک فضائیہ کے آنے کے بعد بھارتی طیارے بھاگ گئے۔زیبو نامی صارف نے طنزیا ٹویٹ کیا کہ بھارتی طیارے ہزار کلو ٹماٹر پھینک کر بھاگ گئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ بھارتی حملے میں کئی درخت مارے گئے اور زخمی بھی ہوئے۔دفاعی تجزیہ کار ائیرمارشل (ر) شاہد لطیف کا کہنا ہے کہ بھارتی طیاروں نے جہاں اپنا پے لوڈ پھینکا وہاں کوئی ٹارگٹ نہیں تھا۔ بھارتی طیارے بدحواسی میں اپنا پے لوڈ پھینک کر فرار ہوئے۔ بھارت ہر بار سرحد کی خلاف ورزی کو سرجیکل اسٹرائیک کا نام دیتا ہے۔
دنیا کو بھارت کی حقیقت سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ دنیا بھر میں جہاں جہاں ہمارے سفارتخانے ہیں وہاں پاکستان کی جانب سے بریفنگ دی جانی چاہئیے اور دنیا کو بھارتی حقیقت کے بارے میں بتانا چاہئیے۔اْڑی والا معاملہ بھی اْٹھا کر دنیا کو بتایا جائے کہ بھارت کس طرح کی اوچھی حرکتیں کر رہا ہے۔ آج صبح بھارتی دراندازی کے بعد جب پاکستانی طیاروں نے اْڑان بھری تو دشمن کے طیارے دم دبا کر بھاگ گئے۔ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کو بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا نام دیا جاتا ہے۔ بھارت میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں اور مودی سرکار اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں کر کے بہادر بننے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ عوام کی نظروں میں ہیرو بن کر اپنا ووٹ بینک بڑھایا جا سکے۔لیکن در اصل نریندر مودی کی انتخابات میں ہار یقینی ہے اور یہ انہیں خود بھی اس بات کا اچھی طرح علم ہے۔
اپنی حکومت بچانے کے لیے مودی اپنی عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ بھارتی سرکاری بزدلانہ کارروائیاں کر کے اپنا چورن بیچنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم پاکستان کی بروقت کارروائی پر اب بھارت اس طرح کی حرکت نہیں کرے گا۔ وزیر اعظم عمران خان اور پاک فوج کی جانب سے بھارت کو واضح پیغام دیا گیا کہ ابتدا تم کرو گے لیکن اس کو منطقی انجام تک ہم پہنچائیں گے اور بھارت کی کسی بھی شرپسندی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔بھارتی میڈیا بھی عوام کو بے وقوف بنا رہا ہے اور بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کو بڑھا چڑھا کر بھارتی فوج کو ہیرو بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کا نقصان رپورٹ کیا جاتا ہے جب کہ اس میں ایسی کوئی حقیقت نہیں ہوتی۔بھارت نے ہمیشہ پاکستان سے دشمنی کی، مودی اپنا الیکشن جیتنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اْتر آیا ہے، بھارت کے جنگی جنون کو دْنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا وقت آگیا ہے۔
رات کے اندھیرے میں چھپ کر حملہ کرنا بزدلوں کا وتیرہ ہے، بھارت نے جنگ شروع کی تو اْسے بھاگنے نہیں دینگے، کشمیر بھی آزاد کرائیں گے۔ بھارتی اپنے طیاروں کا پے لوڈ گرا کر بھاگ گئے اور ان کا بھاگنا طنزو مزاح کا نشانہ بن گیا۔پاک فضائیہ کے طیاروں کے خوف سے اپنا پے لوڈ گرا کر بھاگنے والے بزدل ہیں۔ پاکستان کی 22 کروڑ عوام بھارت کے جنگی جنون کو ٹھکانے لگانے کے لئے پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت اور میزائل ٹیکنالوجی کا حامل ملک ہے اس لئے بھارت کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہو،جنگ کا جنون بھارتی عوام کو لے ڈوبے گا۔ پاکستان کی عوام وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔