لاہور : کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام 6نومبر1947ء کو جموں سے پاکستان کی طرف ہجرت کرنے کے دوران بھارتی اور ڈوگرہ فوجیوں کے مظالم سے شہید ہونے والے اڑھائی لاکھ کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
جس سے ممتاز کشمیری رہنما اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن مولانا مفتی محمد شفیع جوش’ ڈائریکٹر کشمیر سنٹر سردار ساجد محمود’ پیپلز پارٹی آزادکشمیر لاہورسرکل کے صدر فاروق آزاد’ آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے مرکزی نائب صدر مرزاصادق جرال’ لاہورسرکل کے سینئرنائب صدرحاجی اقبال قریشی’مسلم لیگ ن آزادکشمیر لاہورکے سرپرست عبداللطیف چغتائی’ لاہورڈویژن کے جنرل سیکرٹری مرزاعامر جرال نے خطاب کیا۔ مفتی شفیع جوش نے کہا کہ 1947 ء میں کشمیر کے صوبہ جموں سے پاکستان کی طرف ہجرت کے دوران صرف تین دنوں میں ایک ہی مقام پر اڑھائی لاکھ کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور عقیدت کا ثبوت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی پاکستان کی بقاء کیلئے ہے اور اب تک لاکھوں کشمیریوں نے تکمیلِ پاکستان کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ سردارساجد محمود نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قومی ایام منانے کامقصد نئی نسلوں کو اپنے مشاہیر کی قربانیوں سے آگاہ کرتے ہوئے یہ باورکروانا ہے کہ بھارت ان کا ازلی دشمن ہے جو کبھی پاکستان کا دوست نہیں ہوسکتا۔ مرزاصادق جرال نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھوکاکیاہے۔ اس کی تمام پالیسیاں منافقت پر مبنی ہیں ۔ ہمیں کشمیر کی آزادی کیلئے قائداعظم کے وژن پر مبنی پالیسی اختیارکرناپڑیگی۔ کشمیر کا مسئلہ حل ہواتو پاکستان کے تمام مسائل خودبخودحل ہوجائیں گے۔
فاروق آزادنے کہا کہ بھارت کشمیر پرمکمل قبضے کیلئے پاکستان کیخلاف کسی بھی وقت کچھ بھی کرسکتاہے۔ واہگہ بارڈر پر گذشتہ دنوںہونے والے بم دھماکے میں بھی بھارت ملوث ہے ۔حاجی اقبال قریشی نے کہا کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیاتھا جس کی حقیقت وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ عیاں ہورہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ برطانیہ میں کشمیریوں نے نہایت عظیم ملین مارچ کیالیکن بھارت نوازقوتوں نے اس ملین مارچ کو سبوتاژ کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
عبداللطیف چغتائی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہمیں تمام نظریاتی اور سیاسی وابستگیوں سے بالاترہوکر ایک پلیٹ فارم پر متحدہوناپڑیگا۔ مرزاعامر جرال نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم پنڈت جواہرلال نہرونے کہا تھا کہ میںمسئلہ کشمیر کو اتنالٹکادوں گاکہ کشمیریوں کی تیسری نسل اس مسئلے کوبھول جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی موجودہ حکومت بھی اسی اصول پر کاربند ہے لیکن کشمیریوںنے اپنی عظیم جدوجہد سے ثابت کیا کہ کشمیریوں نے کبھی مسئلہ کشمیر کو فراموش نہیں کیا۔
پروگرام کے اختتام پر مفتی محمدشفیع جوش نے شہدائے جموں اور تحریک آزادیٔ کشمیر کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالوں ‘ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے استحکام’ امن اور سلامتی کیلئے دعاکروائی۔ کشمیرسنٹرلاہورکے زیراہتمام یوم شہدائے جموں کی یادمیں منعقدہ پروگرام میں مفتی شفیع جوش’ صادق جرال’ سردارساجدمحمود’ فاروق آزاد’ عامرجرال’ اقبال قریشی ‘عبداللطیف چغتائی اور دیگر فاتحہ خوانی کررہے ہیں۔ انعام الحسن 0302.4075001