بھارت کی دراندازی کا جواب پوری طاقت سے دیا جائے گا، چوہدری نثار

Chaudhry Nisar Ali

Chaudhry Nisar Ali

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاکستان خطے میں بھارت کی اجارہ داری اور تھانیداری کو ہرگز قبول نہیں کرے گا جب کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر سرحد پر کسی قسم کی دراندازی کی گئی تو اس کا جواب پوری طاقت سے دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاکستان کو فوجی طاقت کے ذریعے دبایا جا سکتا ہے اگر پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو اس کا ڈٹ کر جواب دیا جائے گا، بھارت نے چند روز کے دوران بلااشتعال فائرنگ کر کے 13 شہری شہید کر دیئے۔

چوہدری نثار علی نے کہا کہ خطے کے بہت سے مسائل ہیں جن میں بنیادی مسئلہ کشمیر ہے پاکستان امن اور بھائی چارے کے ذریعے کشمیر سمیت تمام معاملات کا حل نکالنے کے لیے تیار ہے اور یہ مسائل صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو کسی قسم کی فوجی مداخلت سے پرہیز کرناچاہیے اور بھارتی حکمرانوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں جس کے باعث دونوں ممالک پر ایک ذمہ داری بھی ہے، پاکستان اپنی جغرافیائی سالمیت کی ہر صورت حفاظت کرے گا۔