ممبئی (جیوڈیسک) انڈیا کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے قتل پر مبنی فلم کو سینسر بورڈ نے کانٹ چھانٹ اور چار مہینے کی تاخیر کے بعد ریلیز کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
فلم ’31 اکتوبر‘ کے ہدایت کار شہرت یافتہ فلم ساز شیواجی لوٹن پاٹل ہیں اور اس میں سیف علی خان کی بہن اداکارہ سوہا علی خان اور ویر داس نے اداکاری کی ہے۔
فلم ساز ہیری سچدیو نے بتایا ہے کہ کئی پرتشدد مناظر کو فلم سے نکال دیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا: ’میں نے نو مناظر کو سینسر کرنے کو قبول کیا ہے۔ سینسر بورڈ کا کہنا تھا کہ بعض مناظر اور مکالمے مخصوص فرقے کو مشتعل کر سکتے ہیں اس لیے ان کو نکالنے کی ضرورت ہے۔‘
’نظر ثانی کمیٹی نے ہمیں کئی بار فلم پھر سے پیش کرنے کے لیے کہا اور کئی مناظر کاٹ دیے جس کے سبب فلم کا دورانیہ چھ سے سات منٹ کم ہو گیا اور تمام گالی گلوچ کی جگہ بیپ کی آواز ہے یہاں تک کہ سالا لفظ پر بھی۔‘
سوہا علی خان نے ایک خوفزدہ سکھ خاتون کا کردار ادا کیا ہے انھوں نے بتایا کہ چار مہینے کے انتظار کے بعد سینسر بورڈ نے فلم کی نمائش کی منظوری دے دی ہے۔
خیال رہے کہ 31 اکتوبر سنہ 1984 کو اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کے ہی محافظوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ یہ فلم اب آئندہ ماہ ریلیز کی جائے گی۔
فلم میں سوہا علی خان نے ایک خوفزدہ سکھ خاتون کا کردار ادا کیا ہے جو کہ اپنے شوہر (ویر داس) اور جڑواں بیٹے اور ایک سالہ بیٹی کے ساتھ اس دن دہلی کے ایک علاقے سے دوسرے علاقے بھاگتی رہتی ہیں۔
اس فلم کے لیے سوہا علی خان نے پنجابی زبان سیکھی ہے جبکہ ویر داس کو چار ماہ تک ایکشن کی تربیت لینی پڑی ہے۔