انڈونیشیا (جیوڈیسک) غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ریلوے کراسنگ پر مسافر ٹرین کے سامنے ایک منی بس آگئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 13 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
جب کہ ایک مسافر اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا،ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں بس کے 10 مسافر شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ بس کے ڈرائیور نے ریلوے کراسنگ سے گزرتے ہوئے سگنل کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ ریل کے تمام مسافر خیریت سے ہیں اور بعض کو اچانک بریک لگنے سے معمولی چوٹیں آئی ہیں، حادثے کی تحقیقات کے لیئے ایک خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کرے گی۔