جکارتا (جیوڈیسک) انڈونیشیا کی حکومت نے دارالحکومت کو سیلاب سے بچانے کے لئے ساحلی پٹی کے ساتھ دیوار کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔
انڈونیشین حکام کی جانب سے دارالحکومت جکارتا سے منسلک ساحلی پٹی کے گرد 263 ملین ڈالر کی لاگت سے سمندری دیوار تعمیر کرنے کے منصوبے کا افتتاح کیا گیا، دیوار کی تعمیر کا مقصد شہر کو مستقبل میں بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال سے بچانا ہے کیونکہ گزشتہ سال ہونے والی بارشوں اور سیلاب سے حکومت کو 580 ملین ڈالر کانقصان برداشت کرنا پڑاتھا۔
ماہرین کے مطابق جکارتا کا 40 فیصد علاقہ سطح سمندر سے نیچے ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافے کا امکان ہے جس کے باعث مستقبل میں شہر کو سیلابوں سے مزید نقصان برداشت کرنا پڑسکتا ہے۔