انڈونیشیا میں سابق حکمران جماعت کے سربراہ کو کرپشن کے الزام میں سزا سنا دی گئی

Anas Urbaningrum

Anas Urbaningrum

جکارتہ (جیوڈیسک) انڈونیشیا کی سابق حکمران جماعت کے سربراہ کو کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر 8 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی ہے۔

سابق حکمران جماعت پریزیڈنٹ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ انس ارباننگرم پر دارالحکومت جکارتہ میں اسپورٹس سینٹر کی تعمیر کے پراجیکٹ میں کرپشن کے الزامات تھے،ارباننگرم سمیت ان کی کابینہ کے 3 وزرا پر بھی کرپشن کے کیسز تھے جو بڑے پیمانے پر پبلک سیکٹر میں گھپلے اور دھاندلیوں میں ملوث تھے،عدالت نے 45 سالہ ارباننگرم کو 8 سال جبکہ سابق وزیر کھیل اینڈی میلارینگن کو 4 سالہ قید بامشقت کی سزا سنائی۔

انس ارباننگرم نے گزشتہ سال اسپورٹس کمپلکس پراجیکٹ میں کرپشن کے الزامات میں نام آنے کے بعد پارٹی کی صدارت سے استعفی دے دیا تھا، ہمبالنگ کمپلکس جو کہ انڈونیشیا کے کھلاڑیوں کے لئے سب سے بڑا ٹریننگ سینٹر تصور کیا جا رہا تھا، کرپشن کے باعث تعمیر نہ ہوسکا جس کی وجہ سے حکومت کو تقریبا 40 ملین ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر توانائی اور وزیر مذہبی امور نے بھی کرپشن کے الزامات پر استعفیٰ دے دیا تھا جب کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کا شمار کرپشن میں 177 ممالک کی فہرست میں 114 ویں نمبر پر ہوتا ہے۔