جکارتہ (جیوڈیسک) انڈونیشیا میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا، چھ ہزار سے زائد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ 18 کروڑ 60 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔
پولنگ کا سب سے پہلے آغاز پاپوا صوبے سے ہوا، تاہم خراب موسم اور بدانتظامی کے باعث تیس سے زائد اضلاع میں پولنگ تاخیر سے ہوگی، انتخابات کے نتیجے میں جہاں ایک نئی پارلیمنٹ تشکیل پائے گی وہیں اگلے صدارتی الیکشن کے امیدواروں کا تعین بھی ہوسکے گا۔
انتخابات میں 12 سیاسی جماعتوں کے چھ ہزار چھ سو سات امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ انتخابات کی خاص بات یہ ہے کہ اس بار ہر سیاسی جماعت 30 فیصد خواتین امیدواروں کو ٹکٹ دینے کی پابند ہے، رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق اپوزیشن جماعت انڈونیشین ڈیموکریٹک پارٹی ان انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے۔