انڈونیشیا (جیوڈیسک) انڈونیشیا میں کم قیمت پر سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی “Lion Air” کا ایک مسافر طیارہ پیر کے روز گر کر تباہ ہو گیا۔ انڈونیشیا کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق بدقسمت طیارے میں 188 افراد سوار تھے۔
انڈونیشیا کی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ نے تصدیق کی ہے کہ جس مقام پر طیارے سے رابطہ منقطع ہوا تھا وہاں طیارے کا ملبہ مل گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے میں کسی کے زندہ بچ جانے کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
اس سے قبل پیر کے روز انڈونیشیا کی شہری ہوابازی کے ادارے نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں کم کرایوں والی فضائی کمپنی Lion Air کا ایک مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے 13 منٹ بعد ریڈار کی اسکرین سے غائب ہو گیا۔ ادارے کے ترجمان کے مطابق پرواز 610JT انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سے بنگکا بیلی ٹنگ جزائر کے شہر پنگکال پینانگ جا رہی تھی اور اس سفر کا کُل دورانیہ ایک گھنٹے سے بھی کم ہوتا ہے۔
انڈونیشیا میں سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے مطابق مذکورہ کمپنی کا فضائی طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوا۔