لاہور (جیوڈیسک) سندھ طاس کمیشن کا 6 رکنی پاکستانی وفد اور ممبئی حملوں کی تحقیقات کے لیے سات رکنی جوڈیشل کمیشن کا وفد واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہو گیا ہے۔
سندھ طاس کمیشن کے وفد کی سر براہی کمشنر مرزا آصف بیگ کر رہے ہیں۔ بھارت روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مرزا آصف بیگ نے کہا کہ وفد بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر قائم چار ڈیموں کے ڈیزائن پر اعتراض اٹھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت چھوٹے بڑے ڈیمز کی پاکستان کو اطلاع دیتا ہے تاہم ہم صرف ان ڈیموں پر اعتراض کرتے ہیں جس کے اثرات پاکستان پر ہوں۔
اس کے علاوہ بھارت ممبئی حملوں کی تحقیقات کے لیے پاکستان کا سات رکنی جوڈیشل کمیشن کا وفد بھی واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہو گیا ہے جبکہ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے 12 رکنی بھارتی پارلمینٹرین کا وفد پاکستان کے دورے کے بعد بھارت روانہ ہو گیا ہے۔
وفد نے دورہ پاکستان میں پاکستانی پارلیمنٹرین کے وفد سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر وفد کے اراکین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کھانے بالخصوص پائے بہت لذیذ ہیں لیکن اگر مزیدار بھنڈی کھانی ہے تو بھارت آنا پڑے گا۔