انڈس اسپتال تا کورنگی کراسنگ ہپاٹائٹس آگاہی واک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) انڈس اسپتال نے ایسوسی ایشن آف فزیشن آف پاکستان ڈیسنٹ آف نارتھ امریکا کی درخواست پر ہپا ٹائٹس بی اور سی کی آگاہی اور اس سے بچائو کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام میں انڈس اسپتال کے ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز انڈس اسپتال کی او پی ڈی سے ہوا جہاں پر ڈاکٹرز نے ویٹنگ ایریا میں مریضوں اور عوام کو ہپا ٹائٹس بی اور سی کے بارے میں آگاہ کیا۔

ڈاکٹرز نے آگاہی دی کہ ہپا ٹائٹس بی اور سی متاثرہ خون کے ذریعے ایک شخص سے دوسرے شخص تک کیسے پھیلتا ہے۔ آگاہی سیشن کے بعد انڈس اسپتال سے مین کورنگی کراسنگ تک واک کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے واک میں بھی حصہ لیا۔ کورنگی کراسنگ میں شرکا کو ہپا ٹائٹس بی اور سی کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرز نے کہا کہ عوام کو استعمال شدہ سرنجیں استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور عوام جب حجام کے پاس شیو بنانے جائیں تو اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شیو کے لیے نیا بلیڈ استعمال ہورہا ہے۔

آخر میں انڈس اسپتال کے ملازمین کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سینئر رجسٹرار ڈاکٹر تحریم نے ہپاٹائٹس بی اور سی کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر نہ اٹھانے کے نقصانات کے بارے میں بتایا۔ انڈس اسپتال کی کنسلٹنٹ ڈاکٹر ثمرین نے انجکشن کے استعمال اور جنسی تعلقات کے ذریعے ہپاٹائٹس بی اور سی کے پھیلاؤ کے بارے میں بتایا۔