کوٹری (جیوڈیسک) دریائے سندھ کا سیلابی پانی کچے کے کئی علاقوں کو لپیٹ میں لیتا ہوا براستہ کوٹری بیراج سمندر میں گرنے لگا۔ پنجاب کے کئی علاقے تاحال زیرآب، متاثرین امداد کے منتظر ہیں۔
دریائے سندھ کا سیلابی پانی کچے کے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیتا ہوا اب براستہ کوٹری بیراج سمندر میں داخل ہو رہا ہے جبکہ پنجاب میں اب بھی کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہے، جہاں اتر گیا ہے وہاں کے رہائشیوں سے زندگی اب بھی امتحان لے رہی ہے۔
پنجاب میں تباہی پھیلانے والا سیلابی ریلا کشمور، شکارپور، گھوٹکی، پنوعاقل، خیرپور، لاڑکانہ اور دادو کے کچے کے علاقے کو زیر آب کرتا کوٹری بیراج کے راستے سمندر میں شامل ہورہا ہے۔ ٹھٹھہ کے علاقے کھاروچھان میں بھی سیلابی پانی اب سمندر میں گرنا شروع ہو گیا ہے۔
لیکن سیلابی پانی سے سیکڑوں ایکڑ زیر کاشت فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔ لوگوں نے خیموں اور بندوں پر پناہ لے رکھی ہے۔ پنجاب میں مظفرگڑھ، ملتان، جھنگ، چنیوٹ، حافظ آباد، گجرات، منڈی بہاءالدین کے سیلاب متاثرہ افراد اپنے گھروں کی مرمت کررہے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔