کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے حکومت اور ہاوسنگ اندسٹری سے وابستہ افراد سے کرایہ دار طبقہ کیلئے ایسی رہائشی اسکیموں کے آغاز کا مطالبہ کیا ہے جس میں غریب افراد کو ایڈوانس لیکر رہائش فراہم کی جائے اور پھر ماہانہ کرایہ کی طرح اقساط میں اس کی قیمت کی وصولی کے بعد اسے مالکانہ حقوق دے دیئے جائیں۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ تعمیراتی صنعت سے وابستہ افراد کی جانب سے کرایہ داروں کی نظر اندازی کی وجہ سے کرایہ داری کی صنعت نے تیزی سے فروغ پارہی ہے جس کی وجہ سے ملک و قوم کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے کیونکہ سرمایہ دار فلیٹس ‘ مکانات ‘ دکان ‘ گودام خرید کر کرایہ پر چڑھارہے ہیں اور ان کرایہ کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی پر کسی قسم کا کوئی ٹیکس نہیں دے رہے۔
جبکہ کرایہ داروں سے بجلی ‘ گیس اور پانی کی مد میں ماہانہ معقول رقم کی وصولی کے باجود یا تو بجلی و گیس چوری کررہے ہیں یا پھر بجلی ‘ گیس اورپانی کے بل سرے سے ادا ہی نہیں کر رہے جس کی وجہ سے بل اداکرنے والے بھی لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگت رہے ہیں اسلئے ضروری ہے کہ حکومت اور بلڈرز کے اشتراک سے کرایہ داروں کیلئے بعد از قبضہ آسان اقساط میں ادائیگی کی سہولت کیساتھ شہر کے ہر مقامی فرد کو ذاتی رہائش فراہم کی جائے۔