کراچی (جیوڈیسک) معروف اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کاسب نے بہت انتظار کیا اور اب فلم انڈسٹری کامیابی کی طرف جارہی ہے تو ہمیں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔
جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کا بحران ہم سب کے لیے پریشان کن ضرور تھا لیکن انڈسٹری کے لوگ اس وقت کا انتظار کررہے تھے جب اچھی اور معیاری فلمیں بننے کا آغازہو، 4 سال کے دوران اچھی فلموں کے آغاز سے فلم انڈسٹری کی ترقی کا دروازہ کھل گیا اور آج ہم سب اس بات سے خوش ہیں سب کی محنت سے ہم کسی حد تک فلم انڈسٹری کی رونقوں کو واپس لانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب ہماری ذمے داری ہے کہ ہم اچھی اور معیاری فلمیں بنائیں تاکہ مستقبل میں لوگ فلموں سے لطف اندوز ہوتے رہیں،میں اپنی فلم ’’وجود‘‘ عید کے فوری بعد شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں جس کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں فلم کی افتتاحی تقریب میں تمام تفصیلات کا اعلان کردیا جائے گا۔