لاہور (جیوڈیسک) معروف ماڈل، اداکارہ اور گلوکارہ زارا شیخ نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری نہیں چھوڑی، غیر معیاری فلموں میں کام چھوڑا ہے۔ کچھ فلموں کی آفرز ہوئی تھیں لیکن سبجیکٹ پسند نہ آنے پر انکار کر دیا۔
غیر معیاری فلموں کی وجہ سے ہی ہماری فلم انڈسٹری بحران کا شکار ہوئی۔ اگر اچھے موضوعات پر فلمیں بنائی جائیں تو لوگ ضرور فلمیں دیکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ماڈلنگ سے اپنے فنی کیئر کا آغاز کیا۔
اب تک ماڈلنگ کررہی ہوں اور ماڈلنگ کو انجوائے کرتی ہوں۔ میری خوش قسمتی ہے کہ میری پہلی فلم ’’تیرے پیار میں‘‘ ہٹ ہو گئی۔ میں نے زیادہ فلمیں نہیں کیں لیکن جو فلمیںکیں وہ لوگوں نے پسند کیں۔ وہ معیاری فلمیں تھیں۔
میری مقبول فلموں میں ’’تیرے پیار میں‘‘ کے علاوہ چلو عشق لڑائیں، سلاخیں، لاج، کمانڈو، یہ وعدہ رہا، تیرے بن جیا نہ جائے، پہلا پہلا پیار، کبھی پیار نہ کرنا، آنر کلنگ شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گلوکاری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گلوکاری کا تو مجھے بچپن سے ہی شوق تھا۔ فلم چلو عشق لڑائیں میں میرے گانے بڑے مقبول ہوئے۔
سٹیج ڈراموں میں کام کی آفرز بہت ہورہی ہیں مگر میں نے انکار کردیا ہے۔ زیادہ تر سٹیج ڈرامے غیر معیاری ہوتے ہیں ان میں فحش رقص اور بے ہودہ جگتوں کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ اس لئے کوئی شریف آدمی سٹیج ڈراموں میں کام کا سوچ بھی نہیں سکتا۔